نئی دہلی، 14/دسمبر(ایس او نیوز؍ آئی این ایس انڈیا) دو دن میں ختم ہو رہے سرمائی اجلاس میں نوٹ بندی کے معاملے پر تعطل کے درمیان لوک سبھا اسپیکر سمترا مہاجن نے آج کہا کہ ہنگامہ اور بحث ساتھ ساتھ نہیں ہو سکتی اور وہ یہ دیکھ کر دکھی ہیں کہ ایوان کی کارروائی چلنے نہیں دی جا رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ مجھے ایوان چلانا ہے اور اس کے لئے میں کوشش کر رہی ہوں،آپ نے دیکھا ہوگا کہ میں نے کہا کہ اگر تمام اراکین پرسکون بیٹھیں تو میں انہیں بولنے کی اجازت دوں گی۔انہوں نے کہا کہ لیکن یہ چیزیں ساتھ ساتھ نہیں چل سکتیں کہ آپ ایوان میں صدر کی کرسی کے پاس کھڑے ہوں اور بولنے کا بھی وقت مانگیں۔ سمترا نے کہا کہ جب ایوان نہیں چلتا تو مجھے واقعی دکھ ہوتا ہے،پارلیمنٹ بحث کے لئے ہے۔